Sunday 19 December 2021

سالار اردو جناب غلام سرور کی یوم ولادت بہار اسٹیٹ اردو ٹیچر س ایسوسی ایشن کیطرف سے تقریب یوم اردو منانا کا اعلان

 سالار اردو جناب غلام سرور کی یوم ولادت بہار اسٹیٹ اردو ٹیچر س ایسوسی ایشن کیطرف سے تقریب یوم اردو منانا کا اعلان 

10جنوری کو منائی جائےگی سالارِ اردو کی تاریخ پیدائش۔

ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر وجنرل سکریٹری سمیت دیگر عہدیداروں کی شرکت یقینی۔

اردو اساتذہ ومحبان اردو سے شرکت کی پرخلوص گزارش۔

بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن ضلع اکائی مغربی چمپارن کے زیر اہتمام ایک اہم نشست گورنمنٹ پرائمری اسکول ساغر پوکھرا میں منعقد ہوئی جس میں سالار اردو جناب غلام سرور کے یوم ولادت کے مبارک موقع پر ایسوسی ایشن کا دوسرا یک روزہ تقریب یوم اردو کے طور پر منانے کا فیصلہ لیا گیااور ایسوسی ایشن کے خالی عہدوں پر اتفاق رائے سے اساتذہ کا انتخاب عمل میں آیا۔تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر ضلع تعلیمی افسر جناب ونود کمار ویمل اور ضلع پروگرام افسر(اسٹیبلشمنٹ)جناب بھگوان ٹھاکر کو مدعو کیے گیے ہیں۔دعوت کو کو قبول کرتے ہوئے ہوئے انہوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے اورتقریب میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پروگرام 10جنوری 2022 کو سمریکھا  میرج ہال ہری واٹیکا چوک بتیا مغربی چمپارن میں ہوگا۔ضلع کے علاوہ صوبائی عہدیداران کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔تقریب یوم اردو کے موقع پر ایسوسی ایشن نے سوینیئر (یادگارمجلہ ) شائع کرنے کا فیصلہ لیا۔نومنتخب عہدیدران 

نائب صدر۔تبریز عالم سکٹا۔نائب صدر  صدام انصاری۔خواتین سیل ضلع  سیکریٹری روزی پروین۔نائب سکریٹری : جسم الدین انصاری۔نائب سیکریٹری: نعیم اختر یہ ہیں۔تمام نئے عہدیدران کو ایسوسی ایشن کےضلع صدر محمد فیروز عالم نائب صدرحبیب اللہ ضلع سیکریٹری محمد خالد ونائب سیکریٹری شکیل احمد ندوی خازن عبد الماجد نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

Wednesday 24 November 2021

ٹَرُولنگ- ایک سماجی

   ٹَرُولنگ- ایک سماجی برائی 


مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ

انٹرنیٹ کے ذریعہ کسی مخصوص شخص یا جماعت کے خلاف جھوٹی باتیں لکھنا، دھمکی دینا، جذباتی تشدد، فحش کلامی یا مکروفریب کو بڑھا وادینا ٹرولنگ کہلاتا ہے ، جان بوجھ کر اشتعال انگیز پوسٹ یا اشتعال انگیز پوسٹ کا جواب دینا جس کا مقصد کسی کو پریشان کرنا ہو ٹرولنگ کے زمرے میں آتا ہے، ٹرولنگ کا مقصد فریقین میں سے کسی ایک کو ذلیل کرنا یا جھگڑے کو بڑھاوا دینا ہوتا ہے، ٹرولنگ کی اصطلاح اکیسویں صدی میں وجود میں آئی، اس لیے کہ اس کے قبل نیٹ کا کثرت سے استعمال نہیں ہوتا تھا، ادب میں سب سے پہلے اس لفظ کا ذکر ۱۹۹۶ء میں محقق جوڈتھ ڈونات نے کیا تھا، اور اس کے لیے اس نے کانفرنس وغیرہ کے حوالہ سے کئی مثالیں دی تھیں، ٹرولنگ جو کرتا ہے اسے ٹرولر کہتے ہیں، ارینا کیسنن فونٹو فاجو روسی سائنس اکیڈمی کی ایک کارکن ہے، اس کا خیال ہے کہ نورس کے افسانوں میں معنوی طور پر اس کا وجود ہے،ٹرولنگ ایک سماجی برائی ہے اس لیے کہ اس کی وجہ سے جھوٹ کو فروغ ملتاہے ، فحاشی بڑھتی ہے ، غیر متعلق لوگوں کو سماجی اور عوامی سطح پر ذلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور مختلف لوگوں کے ذریعہ اس کو اس طرح پھیلا یا جاتا ہے کہ جھوٹ کو سچ اور فحاشی کو تہذیب سمجھ لیا جاتا ہے ۔

 ٹرولنگ بھی ایک جرم ہے ، لیکن عام طور پر اسے جرم نہیں سمجھا جاتا ہے ، حالاں کہ لندن اور کولمبیا میں یہ انٹر نیٹ جرائم کے طور پر جانا جاتا ہے، آسٹریلیا نے پارلیامنٹ سے ٹرولنگ کے خلاف قانون پاس کر رکھ اہے اور جرمنی میں نفرت آمیز ، اشتعال انگیز اورہتک آمیز پوسٹ ڈالنے پر پانچ بلین یورو کا جرمانہ لگا رکھا ہے، اور چوبیس گھنٹے کے اندر اس کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت دے رکھی ہے ، ایک سروے کے مطابق امریکہ میں اکتالیس (۴۱) فی صد افراد کو ٹرولنگ کا سامنا ہے، ایمسٹی انٹر نیشنل کی ایک رپورٹ جو ۲۰۱۷ء میں منظر عام پر آئی یہ ہے کہ آٹھ ممالک کی چار ہزار عورتوں میں چوتھائی ٹرولنگ سے گذر چکی تھیں، ہمارے ملک ہندوستان میں ٹرولنگ کے لیے الگ سے کوئی قانون نہیں ہے ، لیکن اسے ہتک عزتی والے دفعات کے ذیل میں رکھا جاتا ہے۔ اور آئی پی سی کی ۴۹۹ دفعہ ۵۰۰ کے تحت مقدمہ قائم ہو سکتا ہے ، اگر ٹرولر نے قتل، زنا وغیرہ کی دھمکی دی ہے تو اس پر دفعہ ۵۰۶ کے تحت معاملہ در ج ہو سکتا ہے ، بار بار غلط تبصرہ کرنے پر دفعہ ۳۵۳ ڈی کے تحت سائبر کرائم کے ذیل میںکاروائی کی جا سکتی ہے۔ ٹرولنگ جاہل اور احمق ہی نہیں اچھے اچھے اور پڑھے لکھے لوگ بھی کیا کرتے ہیں، پڑھے لکھے لوگوں کی ٹرولنگ منصوبہ بند ہوتی ہے اور اس سے جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ ثابت کرنے کا کام لیا جاتا ہے، گذشتہ چند سالوں کی تاریخ پر جن کی نظر ہے وہ خوب اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس غیر شرعی اور غیر سماجی کام کو کن لوگوں نے پروان چھڑایا اور اس کے کیا اثرات مرتب ہوئے، تازہ اعداد وشمار کے مطابق ۲۴-۱۸؍ سال کے انٹر نیٹ استعمال کرنے والوں میں ستر فی صدی افراد کو ٹرول کیا گیا، ۲۰۱۹ء میں کیے گیے ایک تحقیق کے مطابق ٹرولنگ کی وجہ سے آسٹریلیا کو ۷-۳؍ ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا تھا، ٹرولنگ کا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ ٹرولر آپ کے خلاف ایک پوسٹ ڈال دیتا ہے، یہ پوسٹ آپ کی شخصیت پر ڈائرکٹ حملہ ہوتا ہے ، آپ تلملا جاتے ہیں، آپ کی طبیعت چاہتی ہے کہ فورا اس کا جواب دیں، لیکن عقل مندی یہ ہے کہ آپ جذبات میں نہ آئیں، اس پوسٹ کی ان دیکھی کر دیں، آپ کی ان دیکھی سے یہ معاملہ اپنی موت آپ مرجائے گا، آپ نے جو اب دے دیا تو پھر اس پر جواب الجواب کا سلسلہ شروع ہوجائے گا، جو آپ کے حق میں اچھا نہیں ہوگا، جس طرح ڈاکو اور چوروں کے قافلے ہوتے ہیں، ٹرولروں کے بھی بڑے بڑے گروپ ہوتے ہیں، وہ رَدّا پر رَدّا لگا کر آپ کو جوش میں لانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، ٹرولر گروپ والوں کے دوسرے گروپ والوں سے بھی مراسم ہوتے ہیں، وہ اس کو بھی آپ کے خلاف کھڑا کر دیں گے ، اور آپ چوطرفہ حملے کی زد میں ہوں گے، یقینی طور پر یہ آپ کے تحمل اور برداشت کا امتحان ہے، آپ کی خاموشی آپ کو اس پریشانی سے نکال سکتی ہے، آپ یہ بھی کر سکتے ہیںکہ اس گروپ سے اپنے کو باہر کر لیں یا جس نمبر سے آپ کی شخصیت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، اس کو بلاک کر دیں تاکہ منفی خیالات آپ تک نہ پہونچیں اور آپ اس کی وجہ سے ذہنی تناؤ، مایوسی اور جھنجھلاہٹ سے بچ سکیں، اگر بہت زیادہ پریشانی محسوس کرتے ہوں تو کچھ دنوں کے لیے سوشل میڈیا سے اپنے کو دور کر لیں، اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ جب ٹرولر سمجھے گا کہ اس کی بات آپ تک نہیں پہونچ رہی ہے تو وہ اس بے ہودہ کام سے رک جائے گا، اگر ٹرولر گروپ ہے تو اس سے باہر نکل جانے میں ہی عافیت ہے، بہت ناگریز ہوتو عدالت کا رخ بھی کیا جا سکتا ہے، اور ہتک عزتی کی دفعات کے ذریعہ مقدمہ کیا جا سکتا ہے ، لیکن یہ ایک طولانی عمل ہے، جو بہت دنوں تک آپ کو مشغول رکھے گا، اور آپ کی بہت ساری کار کر دگی متاثر ہوگی، اس لیے مقدمہ کی نوبت بھی نہ آنے دیں ۔

ٹرولنگ کا استعمال حکومتی اور سرکاری سطح پر ان دنوں کثرت سے ہونے لگا ہے ، اپنے مخالفین کو ہراساں کرنے کے لیے سرکاری سطح پر ٹرولنگ کا کام بڑے پیمانے پر ہوا کرتا ہے ، کبھی انکم ٹیکس کے نام پر چھاپہ ماری سے لوگوں کو ہراساں کیا جاتا ہے اور کبھی فرضی مقدمات میں پھنسا کر، ان دنوں تشدد اور نفرت پھیلانے کے لیے بھی ٹرولنگ کا استعمال بڑے پیمانے پر کیا جا رہا ہے، ماضی قریب تک نفرت کے اظہار کے لیے برا بھلا کہہ کر تعلقات منقطع کر لینا کافی سمجھا جاتا تھا، لیکن اب ٹرولر کی ایک پوری فوج اس کام کو کر رہی ہے، جسے ٹرولر آرمی کہنا زیادہ مناسب معلوم ہوتا ہے، نفرت کے اس کاروبار کو کسی سیاسی آدمی کے ذریعہ سے شروع کرایا جاتا ہے ، پھر اسے ہوادی جاتی ہے اور جب ہوا تیز ہوجاتی ہے تو ٹرولر آرمی سے نفرت کی فصل کاٹنے کا کام لیا جاتا ہے ، مختلف عنوان سے ماب لنچنگ کے واقعات کو اسی پس منظر میں دیکھنا چاہیے، ہمارے کئی صحافی بھی اس ٹرولر آرمی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔

 سوشل نیٹ ورک کے علاوہ کانفرنس، خبروں کے مراکز پورٹل مصنوعات کی بڑی بڑی کمپنیاں بھی اس کام میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں، ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے کسی بھی پلیٹ فارم سے یہ کام ہو سکتا ہے ، اس لیے ٹرولنگ سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے اور ممکنہ حکمت عملی کے ذریعہ اس کے تار وپود بکھیرنے کی ضرورت ہے، یہ حکمت عملی الگ الگ پلیٹ فارم اور الگ الگ موقعوں پر مختلف ہو سکتی ہے ۔

ٹرولنگ آج ایک فن بن گیا ہے، ا س فن کا ماہر با آسانی اشتعال انگیز پوسٹ کی نشان دہی کر سکتا ہے ، اور نشاندہی کے بعد وہ ٹرولر کا وہ اس قدر تعاقب کرتا ہے کہ وہ گروپ چھوڑنے پر مجبور ہوجاتا ہے ، جو ماہر ٹرولر ہوتے ہیں اور اپنا اصلی چہرہ ظاہر کئے بغیر لمبے عرصے تک ٹرولنگ کرکے متعلقہ افراد واشخاص ادارے اور کمپنیوں کو نقصان پہونچا سکتے ہیں۔

 ٹرولنگ ایک مواصلاتی چیز ہے ، لیکن اس کی وجہ سے اصل حقیقت لوگوں کے سامنے نہیں آپاتی، غلط اطلاعات کے ذریعہ ٹرولر بحث کو غلط رخ پر لے جاتا ہے ، اور خواہ مخواہ کی اشتعال انگیزی پیدا کرتا ہے، اس طرح اس کے اندر سماجی جارحیت کے سارے اوصاف پائے جاتے ہیں، ٹرولنگ نفرت کی کھیتی ہے، اس کو آگے بڑھانے والا کبھی ذہنی اعتبار سے بیمار یا کسی کی محبت میں پاگل ہوتا ہے، یہ پاگل پن اس کے اندر سے بھلے برے کی تمیز ختم کر دیتا ہے ، مودی بھگتی اس کی ایک مثال ہے ، جو بھگتوں کی نظر میں ہر عیب کو ہنر بنا دے رہا ہے ، اور مودی مودی کے خوب نعرے لگتے ہیں، اندھ بھگت جانتے ہیں کہ بھاجپا کے دور حکومت میں ملک تباہی کے کگار پر پہونچ گیا ہے ، داخلی وخارجی دونوں محاذ پر حکومت پوری طرح ناکام ہے، لیکن اندھ بھگت ٹرولر جھوٹ کی بنیاد پر واہ واہی کے نعرے لگا رہے ہیں۔

 اسلام میں ٹرولنگ کی کوئی گنجائش نہیں ہے ، اس لیے کہ یہ جھوٹ، فحاشی، دوسروں کی تذلیل ، حقائق سے دور خبروں کی اشاعت پر مبنی ہوتا ہے اور ہمارے یہاں جھوٹوں پر اللہ کی لعنت ہے، فحاشی پھیلانے والوں کے لیے دنیا وآخرت میں درد ناک عذاب ہے، دوسروں کی تذلیل، اکرام واحترام انسانیت کے خلاف ہے اور بے بنیاد خبروں کے پھیلانے پر ندامت اٹھانے کی بات قرآن کریم میں مذکور ہے، اس لیے مسلمانوں کو اس سے ہر حال میں بچنا چاہیے اور اگر کسی نے یہ کام کیا ہے تو اسے توبہ استغفار کرکے اللہ کے دربارمیں گڑگڑانا چاہیے کہ اے اللہ ہمیں معاف کردے، ہم سے غلطی ہو گئی ، اللہ تعالیٰ غفور الرحیم ہے، وہ ضرور عفو ودر گذر کا معاملہ کرے گا۔

ہم تو اس شہر کی تعمیر کا سودا ہے جہاں ، لوگ معمار کو چن دیتے ہیں دیوار کیساتھ ،

ہم تو اس شہر کی تعمیر کا سودا ہے جہاں ،

لوگ معمار کو چن دیتے ہیں دیوار کیساتھ ،



میرے خیال کے مطابق اسد اویسی ایسا شخص ہے اگر یہ یورپ میں پیدا ہوتا تو لوگ اس کے مجسمے بنالیتے ، مگر میری قوم سبق نصیحتوں سے نہیں حوادثات سے سیکھتی ہے ، اللہ نے اس قوم کو ایسا لیڈر عطا کیا ہے جو قوت ارادی کا شاہکار ، قسمت کا دھنی ، ارادے کا پکا ، تعلیم و ذہانت کاہیرو ہے ، اس کو سیاست ورثے میں ملی ہے ، ایوان مخالف میں دہاڑنے کا ھنر جانتا ہے ، اپنے اوپر لگے اعتراضات کا جواب بہت بے باکی اور دانش مندی سے دیتا ہے ،

اگر وہ دیوبندیت کی بات کرتا لوگ دیوبندی مسلک کا نمائندہ کہ کر اس کی سیاست میں نکتہ چینی کرتے ، اگر وہ بریلیوں کی بات کرتا تو لوگ اس پر بھڑک جاتے ، اگر وہ دین سے دور ہوتا تو اعتراض ہوتا کہ یہ دین سے دور ہے چناچہ اس کی قیادت مباح ہے ، اگر وہ عالم یا فاضل ہوتا تو کہتے علماء کا سیاست سے کیا کام ؛ اس کو تو کوئی مسجد یا مدرسہ دیکھنا چاہیئے { ماشاءاللہ }ایسے افراد ہر دور میں بکثرت ہوتے رہیں جن کے پاس اعتراض کے علاوہ کچھ نہیں ہوا کرتا اے قوم ! اگر تم نے اس سیاسی لیڈر کی قدر نہیں کی تو پھر انتظار کرو آسمان سے حضرت جبرائیل و میکائیل علیہم السلام کے نزول کا جو تمہاری سیاسی قیادت کرینگے ، یہ ھندوستان ہے یہاں کوئی پارٹی سیکولر نہیں اور کوئی پارٹی کمیونل نہیں ، ھندوستان کی سیاست اب الگ رخ اختیار کرچکی ہے یہاں پس مذہب اب لوگ سیاست کرتے ہیں ، میں دعویٰ کیساتھ یہ کہ سکتا ہوں اگر اسد اویسی بہار میں اپنے سیاسی کارکنان میدان میں نہ اتارتے تو کانگریس شاید ہی کسی مسلم کارکن کو ٹکٹ دیتی ، اور اس الیکشن میں کانگریس کے چودہ یا پندرہ کارکنان تھے یہ بالیقین اویسی کی مرعوبیت کا نتیجہ تھا ،


باد  مخالف   سے   نہ  گھبرا   اے  عقاب ،

یہ تو چلتی ہے تجھے اونچا اُڑانے کے لئے ،


#محمد_مستفیض_کاشفی ضلع صدر #اویسی_یوتھ_بریگیڈ سہارنپور

Tuesday 23 November 2021

منفرد لب و لہجے کا شاعر : کامران غنی صبا (22 نومبر یوم پیدائش کی مناسبت سے) سلمی صنم، بنگلور

 منفرد لب و لہجے کا شاعر : کامران غنی صبا

(22 نومبر یوم پیدائش کی مناسبت سے)

سلمی صنم، بنگلور 



نئی نسل کے متحرک اور فعال شاعر ، ناقد اور بےباک صحافی کامران غنی صبا 22 نومبر 1989 کو علمی و تاریخی شہر عظیم آباد، پٹنہ، بہار میں پیدا ہوئے ۔ان کا اصل نام کامران غنی ہے اور قلمی نام کامران غنی صبا ہے۔صبا تخلص ہے۔وہ ایک تعلیم یافتہ خاندان سے تعلق رکھتے ہیں ۔ مجاہد آزادی سید شاہ عثمان غنی کے پر پوتے ہیں۔ ان کےوالد  ڈاکٹر ریحان غنی کا شمار بہار کے معروف اور بے باک صحافیوں میں ہوتا ہے. ان کی صحافتی خدمات تقریباً چار دہائیوں پر محیط ہیں. اپنے اصولوں پر سختی سے کاربند رہنے کے لیے جانے جاتے ہیں. سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے کر اپنی زندگی کو صحافت کے لیے وقف کر چکے ہیں. فی الحال روزنامہ پندار، پٹنہ اور دوردرشن پٹنہ سے وابستگی ہے.

کامران غنی نے اپنے نانا محترم پروفیسر حکیم سید شاہ علیم الدین بلخی فردوسی ندوی رحمتہ اللہ علیہ سجادہ نشیں خانقاہ بلخیہ فردوسیہ فتوحہ کی سرپرستی اور نگرانی میں اردو، عربی، فارسی کی ابتدائی تعلیم حاصل کی. اس کے بعد جےکے اکیڈمی پٹنہ سے اسکولنگ شروع کی. الحرا پبلک اسکول، پٹنہ مسلم ہائی اسکول، نیر پور بوائز ہائی اسکول اور سلاؤ ہائی اسکول نالندہ سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد. میٹریکولیشن کا امتحان سلاؤ ہائی اسکول نالندہ سے پاس کیا. پٹنہ کالج سے بی ایے،  جواہرلال نہرو یونیورسٹی دہلی سے ایم ایے اور جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی سے بی ایڈ کیا۔پھر پٹنہ یونیورسٹی سے پروفیسر جاوید حیات کی نگرانی میں پی ایچ ڈی کرنے لگے جو ابھی جاری ہے۔اور اس وقت شعبہ اردو نتیشور کالج مظفرپور میں اسٹنٹ پروفیسر کے فرائض انجام دے رہے ہیں  

شاعری کی ابتدا  انہوں  نے 2007 میں کی. پہلی غزل روزنامہ فاروقی تنظیم پٹنہ میں شائع ہوئی جس کا ایک شعر ہے۔

سنا تھا نقش کف پا پہ چلنا پڑتا ہے

بجز جبیں کے رہ عشق میں نشاں نہ ملا۔

ابتداء میں اپنے چھوٹے ماموں جان سید نصر الدین بلخی سے شاعری پر  اصلاح لی بعد میں ماہر عروض محمد یعقوب آسی صاحب مرحوم  ٹکسیلا نے انہیں شرف تلمذ بخشا.ان کا کلام برصغیر کے موقر رسالوں میں شائع ہوتا رہا ہے 

اب تک ان کی دو کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں

۱"۔پیام صبا۔"۔شعری مجموعہ 2017

۲۔"منصور خوشتر نئ صبح کا استعارہ" 2019

 اب تک انہیں کئی انعامات و اعزازت سے نوازا جا چکا ہے جیسے 

۱۔اردو نیٹ جاپان کی طرف سے سال 2013 کا بہترین قلم کار

۲ ۔عوامی نفاذ کمیٹی، پٹنہ کا ایوارڈ

۳  روزنامہ تاریخ انٹرنیشنل فرانس کی جانب سے مصطفوی ایوارڈ 

۴  المنصور ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جانب سے ادبی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ 

۵  اکبر رضا جمشید ایوارڈ

بہت کم عمری میں ہی انہوں نے کافی شہرت پائی ہے بہت سے اہل قلم نے ان کی شاعری کو سراہا ہے۔ ڈاکٹر مقصود الہی شیخ ،

بریڈ فورڈ، برطانیہ سے

 لکھتے ہیں

"کامران غنی صبا کی نظم "مجھے آزاد ہونا ہے" پڑھی۔مجھے تیسرا حصہ پسند آیا۔ بڑی گہرائی ہے ، جوگی رنگ جھلک رہا ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ترک دنیا کی خواہش تو ہے مگر یاسیت نہیں اور نہ ہی قنوطیت دکھائی دیتی ہے۔ جہاں اگلی سطور میں بے نامی اور انکساری کا جذبہ ابھر کر سامنے آتا ہے، لگتا ہے دنیا سے کنارہ کشی کی خواہش ہے پر نہیں ہے۔ یہی اس کا حسن ہے، سندرتا اور دل کو چھوتی خوبصورت اچھائی ہے۔ کہنے کو کہا جا رہا ہے کہ یہ جگ تیاگ دینے کو جی چاہتا ہے مگراس کا درس نہیں دیا جا رہا بلکہ بے غرض (Selfless)  ہونے اور اس میں بھی جھوٹی نمائش کی نیم فطری جبلت سے چھٹکارے کی جہد ہے ،سارے عالم میں چھائی حسن و رعنائی اور اس کی نمائش سے بے نیازی ہے ۔ عارفانہ  تڑپ ہے ، تمنا ہے۔شاعر کتنا جھک کر اونچا اٹھتا ہے وہی اس نظم کا کمال ہے۔ یوں مرکزی خیال امر ہو جاتا ہے۔

( ڈاکٹر مقصود الٰہی شیخ، بریڈفورڈ، برطانیہ)

مشہور افسانہ نگار مرحوم مشرف عالم ذوق ان کی شاعری پر یوں رقم طراز ہیں

"کامران کی شاعری انسانی نفسیات کی شاعری ہے۔ وہ معمولی کو غیر معمولی اور غیر معمولی کو معمولی بنانے کا ہنر جانتا ہے۔ کربِ احساس کی شدت کامران کی شاعری کا اختصاص ہے، یہ شدت جتنی تیز ہوگی اس کی شاعری اتنی ہی کامیاب اور پائدار ہوگی"۔

ڈاکٹر عبد الرافع ( صدر شعبہ اردو،  ملت کالج ، دربھنگہ ) لکھتے ہیں

"نئی نسل کے متحرک و فعال شاعر و ناقد اور بے باک صحافی کامران غنی کی ’’کامرانی و غنائیت‘‘ پیام صبا میں مضمر ہے۔’پیام صبا‘ کی باد صبا سے ہر خاص و عام قاری مشام جاں کو معطر اور قلب و ذہن کو مطہر کر کے یک گونہ سکون و طمانیت حاصل کرے گا۔ بظاہر یہ مختصر سا مجموعہ ہے لیکن قلب و جگر کو پارہ کرنے اور نظر کو خیرہ کرنے کے لیے ضخیم کلیات کے مترادف ہے۔ ’پیام صبا‘ نے اپنے دامن میں فلسفہ تصوف، حیات و ممات، بے ثباتی دنیا، تہذیب و اخلاق اور عصر حاضر کے گوناگوں موضوعات و مسائل کو سمیٹ رکھا ہے۔ کامرانؔ نے جس خوش اسلوبی ،پاکیزگیٔ زبان اور نرالے انداز بیان کے ذریعے موضوعات و مضامین کی پیش کش کا نیا ڈھب اپنایا ہے اِن سے اُن کے انفراد اختصاص کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔ مختصر و مترنم بحر اور انوکھے قوافی کا فنکارانہ استعمال اور علامات و استعارات اور لفظیات کو تراشنے کے ہنر نے ایک بیش قیمتی خزینہ بنا دیا ہے۔ مجھے قوی امید ہے کہ ’ پیام صبا‘ کہنہ مشق استاد شعرا اور نسل نو کے مابین ایک پل صراط کا کام کرے گا۔ قارئین ، مداحین اور شعری اصناف سے شغف رکھنے والے ناقدین کے لیے یکساں طور پر ایک انمول تحفہ ثابت ہوگا۔"

مغربی بنگال کے معروف شاعر اور استاد ان کی شاعری کے حوالے یوں رقم طراز ہیں

 "ناقدین ادب نے بھلے ہی شاعری کو روایتی، کلاسیکی، ترقی پسند، جدید اور مابعد جدید جیسے خانوں میں تقسیم کررکھا ہو مگر میری نظر میں ہر زمانے میں شاعری کی دو ہی بڑی قسمیں رہی ہیں۔۔۔۔اچھی شاعری اور خراب شاعری۔کامران غنی صبا کی شاعری بلا شبہ اچھی شاعری کے زمرے میں آتی ہے۔ان کے یہاں آجکل کے جدید شاعروں کی طرح الفاظ کا گورکھ دھندہ نہیں ہے۔وہ اپنی فکر اور اسلوب سے قارئین کو متاثر کرتے ہیں۔انکی نظمیں اور غزلیں دونوں یکساں طور پر میرے دعوے کی تصدیق کرتی ہیں۔توجہ سے پڑھئے تو سہی"۔

ڈاکٹر بدر محمدی۔ویشالی سے لکھتے ہیں

" صباؔ کی غزلیں اچھی ہیں یا نظمیں یہ فیصلہ کرنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔ اس کے شاعرانہ مقام کے تعین میں ابھی دیر ہے مگر اتنا ضرور ہے کہ ’’پیام صبا‘‘ اس کے خوش آئند مستقبل کا پتہ دے رہا ہے۔ اس کی شاعری عشق کی بھیک ہے۔ بھیک ایسی ہے تو پھر تحفہ کیسا ہوگا۔ اس سے مطلب نہیں کہ شاعر کا خاندانی پس منظر کیا ہے وہ کس میدان میں سرگرم ہے بلکہ اس سے سروکار ہے کہ کوئی شاعر ہے تو شاعری کی دنیا میں کتنا کامیاب ہے۔ واقعہ یہ ہے کہ صباؔ کی شاعری میں جادو ہے۔ نشہ ہے، رخ معتبر کا رنگ ہے۔ عصری آگہی، متنوع خیالات ، روایت پسندی، جدت طرازی، بالیدہ شعور نے کامران کی شاعری کو توجہ طلب بنایا ہے۔ میں تازہ کار مگر پختہ شاعر، حساس اور با ہنر فنکار کو ’’پیام صبا‘‘ جیسے شاندار آغاز پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مجھے اس سے مسلسل پرواز کی امید ہے کہ اس کے سامنے ابھی اور بھی آسماں ہیں۔"

ڈاکٹر زر نگار یاسمین(  صدر شعبہ اردو ، مولانا مظہر الحق عربی و فارسی یونیورسٹی ، پٹنہ ) ان کی شاعری کے حوالے سے لکھتی ہیں 

"صباؔ کی انفرادیت یہ ہے کہ انہوں نے بے حد کم عمری میں ہی دنیا کی محرومیوں، ریاکاریوں اور منافقتوں کو نہ صرف سمجھ لیا ہے بلکہ اسے ایک مخصوص طرزِ اظہار کے ساتھ پیش کرنے کا پختہ ارادہ بھی کر لیا ہے۔ ’’مجھے آزاد ہونا ہے‘‘ کی بازگشت ان کی غزلوں کے اشعار میں بھی بار بار سنائی دیتی ہے۔ جس سے یہ اندازہ لگانا دشوار نہیں کہ یہ نقطۂ نظر اب ان کے تخلیقی رویے کا ایک حصہ بن چکا ہے۔ میری دعا ہے کہ وہ اسی فکری شائستگی کے ساتھ اپنا ادبی سفر طے کرتے رہیں۔"

پاکستان سے حسیب اعجاز عاشر ان کی شخصیت کے حوالے سے یوں رقم فراز ہیں

 "درس و تدریس ہو،رپورٹنگ ہو، کالم نویسی ہو، تبصرہ نگاری ہو،تجزیہ کاری ہو یا پھر شاعری ہی کیوں نہ ہو کامران غنی صباؔ نے ہر میدان میںجدیدیت اور انفرادیت کے زیرِاثر رہتے ہوئے بھرپور اورقابلِ رشک دادِ آفرین حاصل کی ہے۔میں کوئی تبصرہ نگار، نقاد یا کوئی تجزیہ کار تو نہیں اورشاعری کا شغف تو مجھے بس سننے یا پڑھنے کاہی ہے مگر کامران کی شاعری کے حوالے سے اتنا ضرورکہوں گا کہ ان کی شاعری میں گہری بصیرت، بالغ نظری،بے ساختگی ،حسن خیال کی معنی آفرینی، احساس کی نزاکت، معنویت، شفافیت، حلاوت، بلند آہنگی ، مسائل حیات کے احاطے، امیدوں کے روشن چراغ، درد مندی، انتہائی وسعت،رنج و مسرت کے علاوہ فلسفیانہ موشگافیاںاور صوفیانہ روموز و نکات بھی ملتے ہیں۔" 

شاعری ان کے نزدیک  عشق ہے..... عبادت ہے.... جس طرح عشق اور عبادت کا تعلق روح سے اسی طرح شاعری کا تعلق روح سے. ریاکاری اور دکھاوے کے ساتھ عشق اور عبادت کی تکمیل نا ممکن ہے اسی طرح شاعری صرف احساسات کو الفاظ دینے کا نام نہیں ہے بلکہ روحانی جذبات کو الفاظ کا پیکر عطا کرنے کا ہنر شاعری ہے. 

 انہیں کلاسیکی شعرا میں حافظ، رومی، غالب، اقبال اور اصغر گونڈوی.اور.دور حاضر کے شعرا میں عرفان صدیقی کا کلام پسند ہے

شاعری کے علاوہ وہ ایک بے باک صحافی بھی ہیں اپنی صحافتی

 زندگی کا باضابطہ آغاز انہوں نے روزنامہ" پندار" پٹنہ کے اسپورٹس ایڈیشن سے 2006 میں کیا. اس کے بعد اردو نیٹ جاپان، ماہنامہ کائنات کولکاتا، سہ ماہی دربھنگہ ٹائمز، سہ ماہی تحقیق دربھنگہ، ماہنامہ نیا کھلونا، کولکاتا، تعمیر افکار سمستی پور وغیرہ سے وہ وابستہ.رہے ہیں


پیش خدمت ہے ان کا نمونہ کلام 


-------غزل-------

کامران غنی صبا



حریمِ  دل کہ  مقدس  ہے ماورائے جنوں

اسی کے فیض سے روشن ہے یہ فضائے جنوں


خدا کے واسطے عقل و خرد کی بات نہ کر

قسم خدا کی ابھی میں ہوں مبتلائے جنوں


بس  اتنی  بات پہ  آئینہ پاش پاش ہوا

وہ پوچھ بیٹھے جو مفہومِ انتہائے جنوں


مرا عقیدہ ذرا مختلف ہے لوگوں سے

یہ   کائنات    بنائی  گئی  برائے  جنوں


سمجھ   لو  شہرِ  خرد   سے نکل   کے   آیا   ہے

جو شہرِ عشق میں ڈھونڈے کوئی سرائے جنوں


قسم خدا کی میں بیعت کروں گا قدموں پر

مرے جنوں کو جو مل جائیں اولیائے جنوں


کسی کا کچھ بھی بھروسہ نہیں، ذرا بھی نہیں

صبا کا کوئی نہیں ہے، نہیں، سوائے جنوں


____________________________


 -------غزل--------

کامران غنی صبا


میرے   چاروں   سمت   آتا  ہے   نظر    پانی   کا   رقص

ہائے   نادانی   کہ   دریا   میں    ہے  طغیانی   کا  رقص


اِک  یہی  صورت  بچی  ہے  اپنی  آنکھیں   نوچ  لوں

جس طرف  بھی دیکھیے  ہے دشمنِ  جانی  کا رقص


پارسائی      پردئہ   نخوت    سے     تکتی      رہ     گئی

رات    بھر    ہوتا   رہا   اشکِ  پشیمانی    کا    رقص


میرے    اوپر    کفر   کا  فتوی  لگا  دیں   شیخ   جی

دیکھ    لیں   گر   میرے  اندر  کی مسلمانی    کا   رقص


شاعری  کیا  ہے  کوئی  مجھ  سے  اگر   پوچھے  کہوں

صفحئہ    قرطاس    پر    اپنی  پریشانی   کا   رقص

 

کون    سی   ایسی   بشارت  مل  گئی  تجھ   کو   صبا

تیری   آنکھوں   میں   سدا   رہتا ہے تابانی   کا   رقص


____________________________



------------غزل

 (نذر احمد فراز)

 کامران غنی صبا


کچھ  درد اگر  ہم  کو مسلسل نہیں ہوتے

ہم عشق میں ائے دوست مکمل نہیں ہوتے


کچھ خواب مرے ہجر کی سولی پہ چڑھے ہیں

وہ  خواب  مگر  آنکھ  سے اوجھل  نہیں  ہوتے


تمثیل میں آنکھوں کی طرف دیکھ لو میری

برسات   بہت  ہوتی   ہے   بادل  نہیں  ہوتے


عشاق کے دل مملکتِ عشق کے در ہیں

ویران  تو ہوتے  ہیں  مقفل نہیں ہوتے


معلوم  اگر  ہوتا کہ  تم  بھی ہو مسیحا

نادان نہ تھے ایسے کہ گھائل نہیں ہوتے


صد  شکر  خدا تیرا کہ ہم ایسے سخنور

شاعر جو نہیں ہوتے تو پاگل نہیں ہوتے؟


___________________________


خاموشی، لامکاں اور میں

کامران غنی صبا


خموشی کیا ہے؟ 

اک احساس ہے 

اک راز ہے 

درد نہاں ہے

تشنگئ شوق ہے

اک گوہرِ نایافت کو پانے کی حسرت ہے

خموشی کچھ نہیں کہتی

مگر کہنے پہ آ جائے

تو پھر چپ بھی نہیں رہتی

خموشی آگ ہے

جس میں جھلس کر

ذات کی تکمیل ہوتی ہے 

خموشی اک سمندر ہے

بہت گہرا

خموشی کے سمندر میں

اگر طوفان آ جائے

تو سمجھو پھر قیامت ہے

خموشی "رازِ کن" ہے

عرشِ اعظم ہے مکاں اس کا

اگر یہ فاش ہو جائے

تو پتھر چیخ اٹھتا ہے

خموشی وقت کی دہلیز پر

ڈالا ہوا حکمت کا پردہ ہے

کہ جس کے بعد تاحد نظر ہے

لامکاں اور "میں"

Sunday 14 November 2021

ایک بچے کا خوف (یوم اطفال کی مناسبت سے)

            ایک بچے کا خوف

    (یوم اطفال کی مناسبت سے)

     کامران غنی صبا 

میں بچہ ہوں

اداکاری تو کرتا ہوں

ریاکاری نہیں کرتا

عداوت کس کو کہتے ہیں

سیاست کس کو کہتے ہیں

نہیں معلوم کچھ مجھ کو

خدا کے نام پر دیر و حرم کی تفرقہ بازی

گھریلو رنجشوں

رشتوں کی دیواروں سے میں انجان ہوں اب تک

مگر امی بتاتی ہیں

مرے ابو بھی کہتے ہیں 

کہ میں بھی ایک دن آخر بڑا ہو جاؤں گا اور پھر

محبت میں مری داخل

کبھی ہوگی ریاکاری

کبھی مکاریاں ہوں گی

کبھی عیاریاں ہوں گی 

ذرا سے فائدے کو میں

خدا کے نام پر بیچوں گا اپنے دین و ایماں کو

کبھی ذاتی انا کے نام پر رشتوں کی دیواریں

مری نفرت کی برچھی سے

گرائی جائیں گی..... 

کبھی جھوٹے خداؤں کی پرستش کے لیے مری جبیں

دہلیز پر ان کی

پئے تعظیم جھک کر ان کو چومیں گی

بڑا ہو کر بالآخر میں 

برا ہو جاؤں گا اک دن 

خدا ہو جاؤں گا اک دن

سنا یہ جب سے ہے میں نے

بڑا ہونے سے ڈرتا ہوں

خدا ہونے سے ڈرتا ہوں

Saturday 16 October 2021

اقبال اور عشق رسولﷺ

 اقبال اور عشق رسولﷺ


کامران غنی صباؔ

اسسٹنٹ پروفیسر نتیشور کالج، مظفرپور

محبت رسولؐ عین ایمان ہے۔قرآن کریم کی بے شمار آیات اور متعدد احادیث مبارکہ سے اطاعت و محبت رسولﷺ کی اہمیت و فضیلت معلوم ہوتی ہے۔چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

جس نے رسولؐ کی اطاعت کی اس نے دراصل خدا کی اطاعت کی۔ اورجو منھ موڑ گیا ، تو بہرحال ہم نے تمھیں اُن لوگوں پر پاسبان بنا کر تو نہیں بھیجا ہے۔{النسآء 80}

اسی طرح متعدد احادیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کو ایمان کا لازمی جز قرار دیا گیاہے۔بخاری و مسلم کی مشہور حدیث ہے:

تم میں سے کوئی ایمان میں اس وقت تک کامل نہیں ہو سکتا جب تک کہ میری محبت اس کے دل میں اس کے باپ،بیٹے اورتمام انسانوں سے بڑھ کر راسخ نہ ہو جائے۔

قرآن کریم کی ان ہی آیات اور سیرت پاکؐ کے غائر مطالعہ نے علامہ اقبالؔ کو ایک سچا عاشق رسول بنا دیا۔ایک ایسا عاشق رسول کہ اسم ’محمدﷺ‘ سنتے ہی جس کی آنکھوں سے بے اختیار آنسو رواں ہو جاتے اور دل بے تاب و بے قرار ہو جاتا۔فقیر سید وحید الدین ’’روزگار فقیر‘‘ میں لکھتے ہیں:-

’’ڈاکٹر صاحب کا دل عشق رسولؐ نے گداز کر رکھا تھا۔زندگی کے آخری زمانے میں تو یہ کیفیت اس انتہا کو پہنچ گئی تھی کہ ہچکی بندھ جاتی تھی اور وہ کئی منٹ تک مکمل سکوت اختیار کر لیتے تھے تاکہ اپنے جذبات پر قابو پا سکیں اور گفتگو جاری رکھ سکیں۔‘‘

(روزگار فقیر جلد اول ص:94-95،مطبوعہ سپننگ ملز کراچی 1964)

علامہ اقبالؔ کا یہی حب رسولؐ ہمیں ان کی اردو واور فارسی شاعری میں بھی نظر آتا ہے۔اپنی شاعری کو فیضان رسولؐ قرار دیتے ہوئے وہ کہتے ہیں   ؎

تب و تاب دل از سوز غم تست

نوائے من ز تاثیر دم تست

(میرے دل میں جو گرمی اور بے تابی ہے آپ کے سوز غم کی بدولت ہے۔میرے نالے آپ ہی کی توجہ کا فیضان ہے۔)

دوسری جگہ فرماتے ہیں   ؎

مرا ایں سوز از فیض دم تست

بتاکم موج مئے از زم زم تست

خجل ملک جم از درویشی من

کہ دل در سینہ من محرم تست

(مجھے جو سوز عطا ہوا ہے وہ آپ ہی کا فیضان ہے۔میرے انگوروں کی بیل میں جو شراب ابل رہی ہے وہ آپ ہی کے زمزم سے نکلی ہے۔میری درویشی سے مملکت کسری و جمشید بھی شرماتی ہے کیوں کہ میرے سینے میں جو دل ہے وہ آپ ہی کے اسرار کا محرم ہے۔)

علامہ اقبال کی نظروں میں عشق ہی حاصل دنیا و دین ہے اور اس کا سرچشمہ وہ ذات اقدس ہے جس کے طفیل سارے عالم کی تخلیق ہوئی اور جس کی وجہ سے یہ دنیا قائم ہے۔اقبال کے ان اشعار کو پڑھیے اور محسوس کیجیے کہ شاعر نے جب یہ اشعار کہیں ہوں گے تو اُس کے دل کی کیا کیفیت ہوگی   ؎

جہاں از عشق و عشق از سینۂ تست

سروش از مئے دیرینۂ تست

جز ایں چیزے نمی دانم ز جبریل

کہ او یک جوہر از آئینۂ تست

(دنیا عشق کی دولت سے قائم ہے اور عشق کی دولت آپؐ کی سینہ مبارک سے حاصل ہوتی ہے۔اس عشق میں سرور اس شراب کہن سے پیدا ہوتاہے جو آپؐ نے کشید فرمائی اور پلائی۔مجھے جبرئیل کی باببت بھی صرف اتنا معلوم ہے کہ جبرئیل بھی آئینہ ء رسالتؐ کے ایک جوہر کا نام ہے۔)

علامہ اقبالؔ کا حب رسولؐ اس کمال پر پہنچا ہوا ہے کہ بسا اوقات فرط جذبات سے مغلوب ہو کر وہ اپنی اور مسلمانان عالم کی بے بسی و بکسی کی فریاد براہ راست رحمت للعالمین کے حضور کرنے لگتے ہیں۔ایسا معلوم ہوتا ہے گویا آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم آپ کے روبرو تشریف فرما ہیں اور آپ ان سے دستگیری اور فریاد رسی کی التجاء کر رہے ہیں۔چند اشعار ملاحظہ ہوں   ؎

تو ائے مولائے یثرب آپ میری چارہ سازی کر

مری دانش ہے افرنگی مرا ایمان زناری


کرم ائے شہہ عرب و عجم کہ کھڑے ہیں منتظر کرم

وہ گدا کہ تونے عطا کیا ہے جنھیںدماغ قلندری


شیرازہ ہوا ملت مرحوم کا ابتر

اب تو ہی بتا تیرا مسلمان کدھر جائے


دگرگوں کرد لادینی جہاں را

ز آثار بند گفتند جاں را

ازاں فقرے کہ با صدیق داری

پشورے آور ایں آسودہ جاں را

(ساری دنیا کو لادینی نے دگرگوں کر دیا ہے۔حد تو یہ ہے کہ دنیا والے روح کو بھی جسم کے آثار میں شمار کرنے لگے ہیں۔جو فقر آپ نے حضرت ابوبکر صدیقؓ کو بخشا تھا اس سے ہماری بے حس روحوں میں سوز وحرکت پیدا فرما دیجیے۔)


فقیرم از تو خواہم ہر چہ خواہم

دل کوہ خراش از برگ کاہم

مرا درس حکیماں درد سر داد

کہ من پروردئہ فیض نگاہم

(میں فقیر ہوں اور جو کچھ طلب کرتا ہوں آپ ہی سے طلب کرتا ہوں۔میں گھاس کا ایک تنکا ہوں ،اس کی ایک پتی سے پہاڑ جیسا سنگین اور مستحکم دل تراش دیجیے۔دانشمندوں اور فلسفیوں کی کتاب نے مجھے درد سر اور پریشاں خیالی کے سوا کچھ نہ دیا اس لیے کہ میں آپ کی نگاہوں سے فیض یافتہ ہوں۔)

دعویٔ عشق اس وقت تک مکمل نہیں ہوتا جب تک اتباع و اطاعت محبوب نہ ہو۔صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین آپﷺ کے ہر فعل و عمل پر نظر رکھتے اور دل و جان سے ان کی تقلید کرتے۔حضرت عبد اللہ ابن عمرؓ جب حج کو جاتے تو بلا کسی ظاہری سبب کے جا بجا رکتے یا اٹھتے ،بیٹھتے جاتے۔کسی نے اس کی وجہ دریافت کی تو آپؓ نے جواب دیا کہ میں نے حضورﷺ کو سفر حج میں جس جگہ جس حالت اور جس انداز میں دیکھا ، میں چاہتا ہوں کہ ان طریقوں پر جوں کا توں عمل کروں۔اسی طرح عبد اللہ ابن مسعودؓ ایک مرتبہ جمعہ کے لیے مسجد میں آئے تو حضورؐاس وقت خطبہ دے رہے تھے۔یکایک ان کے کان میں حضورﷺ کی آواز آئی کہ ’’ بیٹھ جائو‘‘ حضرت عبد اللہ ابن مسعود اس وقت دروازے پر تھے سنتے ہی وہیں بیٹھ گئے۔حضورﷺ نے جب آپ کو بیٹھے دیکھا تو فرمایا ’ ائے ابن مسعود آگے آ جا۔‘

علامہ اقبالؔ نے سیرت رسولؐ و صحابہ کا بغائر مطالعہ کیا تھا ۔وہ جانتے تھے کہ بغیر اطاعت رسول کے قربت رسول بلکہ قربت خدا بھی ممکن نہیں ہے۔ وہ کہتے ہیں   ؎

در اطاعت کوش ائے غفلت شعار

می شود از جبر پیدا اختیار

ناکس از فرماں پذیری کس شود

آتش ار باشد ز طغیاں خس شود

(ائے غافل اطاعت میں سرگرم رہ۔اسی جبر ہی سے تو اختیار کا رتبہ حاصل ہوتاہے۔اتباع اور فرماں برداری سے نااہل بھی اہل بن جاتے ہیں۔آگ بھی ہو تو اس کے شعلے بجھ جاتے ہیں۔)

علامہ اقبالؔ نے سنت رسولﷺ کی پیروی کو اپنا شیوئہ حیات بنا لیا تھا۔محمد حسنین سید نے مولانا مودودی رحمتہ اللہ علیہ کے حوالے سے اپنی کتاب ’جوہر اقبال‘ میں ایک عجیب اور بصیرت افروز واقعہ بیان کیا ہے۔جس سے علامہ اقبالؔ کے جذبہ شوق و اطاعت رسول کا اندازہ ہوتا ہے۔لکھتے ہیں:-

’’پنجاب کے ایک دولت مند رئیس نے ایک قانونی مشورے کے لیے اقبال اور سر فضل حسین اور ایک دو مشہور قانون دان اصحاب کو اپنے ہاں بلایا، اور اپنی شاندار کوٹھی میں ان کے قیام کا انتظام کیا۔رات کو جس وقت اقبال اپنے کمرے میں آرام کرنے کے لیے گئے تو ہر طرف عیش و تنعم کے سامان دیکھ کر، اور اپنے نیچے نہایت نرم اور قیمتی بستر پا کر معاً ان کے دل میں یہ خیال آیا کہ جس رسول پاکؐکی جوتیوں کے صدقے میں آج ہم کو یہ مرتبے حاصل ہوئے ہیں ، اس نے بوریے پر سو کر زندگی گذار دی تھی۔یہ خیال آنا تھا کہ آنسوئوں کی جھڑی بندھ گئی۔اسی بستر پر لیٹنا ان کے لیے نا ممکن ہو گیا۔اٹھے اور برابر کے غسل خانے میں جا کر ایک کرسی پر بیٹھ گئے،اور مسلسل رونا شروع کر دیا۔جب ذرا دل کو قرار آیا تو اپنے ملازم کو بلوا کر پنا بستر کھلوایا ، اور ایک چارپائی اسی غسل خانے میں بچھوائی۔اور جب تک وہاں مقیم رہے ، غسل خانے ہی میں سوتے رہے۔یہ وفات سے کئی برس پہلے کا واقعہ ہے۔‘‘

(محمد حسنین سید ۔ ’’جوہر اقبال‘‘ ۔ص 39-40،مطبوعہ مکتبہ جامعہ دہلی 1938)

الغرض علامہ اقبالؔ کی زندگی اور ان کی شاعری محبت رسول کے جذبے سے مملو ہے۔ذات محمدیؐ تک رسائی کو ہی وہ سراپا دین قرار دیتے ہیں۔اس کے علاوہ سب کچھ ان کی نظروں میں بو لہبی اور بے دینی ہے   ؎

بہ مصطفی بہ رساں خویش را کہ دیں ہمہ اوست

اگر بہ او نہ رسیدی تمام بو لہبی است

Friday 15 October 2021

حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم

 حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم


مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ 

اللہ کی عظمت وکبریائی اوربندے کی عاجزی اور فروتنی کا تقاضہ تھا کہ احکام خداوندی اور مشیت ایزدی سے قولی وعملی طورپر بندوں کو آگاہ کرنے کے لیے ایک ایسی ذات ہوتی؛ جو اللہ رب العزت کے نزدیک انتہائی مقرب اورپیغام خداوندی کو پہنچانے میں انتہائی امانت دار اور اپنے کردار کے اعتبار سے مثالی اور اپنے علم کے اعتبار سے سب پر فائق ہو۔ اللہ رب العزت نے اس ضرورت کی تکمیل کے لیے انبیاء کرام علیہم الصلوٰۃ والسلام کا طویل سلسلہ شروع کیا اور سب سے آخر میںدین اسلام کی تکمیل کے لیے فخر موجودات، سرورکونین، خاتم الانبیاء ،والرسل سردار انبیائ، آقا ومولیٰ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کو مبعوث کیا اور اعلان کیا کہ اللہ تعالیٰ نے انھیں میں سے رسول بھیج کر بندوں پر احسان کیا اور فرمایا کہ کہہ دیجئے کہ میں تمہاری ہی طرح انسان ہوں (ہماری ضروریات بھی بشری ضروریات ہیں) البتہ میرے اوپر وحی آتی ہے، یہ ایسا شرف اور فضل ہے کہ دوسرا کوئی انسان ان کے برابر ہوہی نہیں سکتا، زبان رسالت سے یہ بھی اعلان کر وایا گیاکہ میرے بعد اب کوئی نبی نہیں آئے گااسی طرح آپؐ کی زندگی قیامت تک کے لیے اُسوہ اورنمونہ بنادی گئی۔

چنانچہ انسانو ںکے لیے لازم ہوگیا کہ وہ کسی اورکو آئیڈیل نہ بنائے ، ہردور، ہر عمر اورہر حال میں آپؐ کی زندگی کوسامنے رکھے۔ یتیمی میں آقا کی یتیمی کا خیال رکھے، ظاہری سہارے چھن جائیں تو آقا صلی اللہ علیہ وسلم کے ظاہری سہارے والدین اور دادا کی جدائی کو یاد کرے، فقر وفاقہ کا سامنا ہو تو آقا کے پیٹ پر بندھے پتھر اورشعب ابی طالب کے احوال پر نظر ڈالے مزدور ہو تو کھجوروں کے عوض باغ کی سینچائی کررہے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات کو سامنے رکھے،مظلوم ہو تو آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی مظلومیت کو دیکھے ،جہاد کرنا ہوتو غزوات میں آقا کے کیرکٹر وکردار کو اسوہ بنائے۔تنظیم قائم کرنی ہوتو حلف الفضول کوسامنے رکھے، صلح کرنی ہو تو حدیبیہ کو اسوہ بنائے اور دشمنوں پر غلبہ پاجائے تو فاتح مکہ کا سلوک پیش نظررہے، غیرمسلموں سے تعلقات میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے تعلقات کی نوعیت کا خیال رکھے اورحاکمیت ملے تو حجاز مقدس اور بلاد عرب کے فرماں روا کی حکمرانی کونمونہ بنائے۔

باپ کی شفقت حضرت فاطمہؓ کے باپ سے سیکھی جائے ، بچوں کے لاڈ پیار کے لیے حضرات حسنین کا لاڈپیار سامنے رہے، خانگی زندگی میں آقاصلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ زندگی میں آجائے ،تو انسان ہر سطح پرکامیاب ہوجائے گا اور ہرپریشانی کا خاتمہ ہوجائے گا۔

ایسی جامع زندگی، ایسا اونچا اور ارفع مقام کہ اللہ خود درود بھیجیں اور بندے اس مقام کے ادراک سے اپنے کو عاجزپائیں ،صرف اور صرف اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو حاصل ہے۔

ع

بعداز خدا بزرگ توئی ایں قصہ مختصر

سالار اردو جناب غلام سرور کی یوم ولادت بہار اسٹیٹ اردو ٹیچر س ایسوسی ایشن کیطرف سے تقریب یوم اردو منانا کا اعلان

  سالار اردو جناب غلام سرور کی یوم ولادت بہار اسٹیٹ اردو ٹیچر س ایسوسی ایشن کیطرف سے تقریب یوم اردو منانا کا اعلان   10جنوری کو منائی جائےگی...