Thursday 3 September 2020

بہی خواہوں سے اظہارتشکر ، یوگی حکومت پر تنقید ،رہائی انصاف کی جیت

            بہی خواہوں سے اظہارتشکر ، یوگی حکومت پر تنقید ،رہائی انصاف کی جیت

   

لکھنؤ: ڈاکٹر کفیل خان نے کہا کہ انہیں اندیشہ ہیکہ اترپردیش کی حکومت کسی اور کیس میں ماخوذ کرکے جیل میں ڈال دے گی۔ منگل کی رات دیر گئے متھرا جیل سے رہائی کے بعد انہوں نے کہا کہ اترپردیش کی یوگی ادتیہ ناتھ حکومت راج دھرم پر عمل کرنے کے بجائے بال ہٹ میں ملوث ہے۔ وہ گذشتہ جنوری سے جیل میں محروس تھے۔ گذشتہ سال ڈسمبر میں سی اے اے کے خلاف احتجاج کے دوران علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں مبینہ اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ منگل کے دن الہ آباد ہائیکورٹ نے سخت ترین قومی سلامتی قانون کے تحت ان کی گرفتاری کو کالعدم قرار دیتے ہوئے یوگی حکومت کو حکم دیا تھا کہ وہ انہیں فی الفور رہا کردے۔ عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں کی گئی ان تقریر سے نفرت پھیلانے یا تشدد بھڑکانے کا سبب بننے کا پتہ نہیں چلتا۔ ان کی تقریر قومی یکجہتی پر مبنی تھی۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو اور علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے ریسیڈنٹ ڈاکٹرس اسوسی ایشن نے کفیل خان کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے انصاف کی جیت قرار دیا۔ اپنی رہائی کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر کفیل خان نے کہا کہ میں ہمیشہ اپنے بہی خواہوں، ہمدردوں کا ممنون و مشکور رہوں گا جنہوں نے میری رہائی کیلئے اپنی آواز کو بلند کیا۔ نظم و نسق میری رہائی کیلئے تیار نہیں تھا لیکن مجھے عوام کی دعاؤں کے باعث رہائی نصیب ہوئی ہے۔ ڈاکٹر کفیل خان جو 2017ء میں سرخیوں میں چھائے ہوئے تھے جب گورکھپور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج میں کئی بچوں کی زندگی بچانے کیلئے ان کی جدوجہد اور کوششوں سے متعلق ان کی خدمات کی زبردست ستائش کی جارہی تھی۔ حکومت نے انہیں بعدازاں ان کی خدمات سے معطل کردیا تھا۔ ماہراطفال ڈاکٹر کفیل خان نے کہا کہ یوپی حکومت نے راج دھرم کا احترام نہیں کیا ہے بلکہ وہ بچکانہ حرکتیں کررہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں اور ان کے ارکان خاندان کو ریاستی حکومت کی زیادتیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ریاستی حکومت کی زیادتیوں کی وجہ وسے انہیں کئی پریشانیوں سے گذرنا پڑا۔ اپنی رہائی کے بعد انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ بہار اور آسام میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو نے الہ آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کی ستائش کی اور توقع ظاہر کی کہ پارٹی کے لیڈر اعظم خاں کو بھی اسی طرح کے جھوٹے مقدمات میں پھانسا گیا ہے۔ انہیں بھی عدالت سے انصاف ملے گا۔

No comments:

Post a Comment

سالار اردو جناب غلام سرور کی یوم ولادت بہار اسٹیٹ اردو ٹیچر س ایسوسی ایشن کیطرف سے تقریب یوم اردو منانا کا اعلان

  سالار اردو جناب غلام سرور کی یوم ولادت بہار اسٹیٹ اردو ٹیچر س ایسوسی ایشن کیطرف سے تقریب یوم اردو منانا کا اعلان   10جنوری کو منائی جائےگی...